پاکستان جونیئر کرکٹ لیگ کیلئے140 غیرملکی کھلاڑی رجسٹر

پاکستان جونیئر کرکٹ لیگ کیلئے140 غیرملکی کھلاڑی رجسٹر

 لاہور: پاکستان جونیئر کرکٹ لیگ کیلئے140 غیرملکی کھلاڑی رجسٹر ہو گئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق 8 ٹیسٹ نیشن اور 10دیگر بورڈز سےکھلاڑی رجسٹر ہوئے ہیں۔ جنوبی افریقہ اورنیوزی لینڈنے امتحانات کےباعث نامزدگیاں نہیں کیں۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی جےایل میں یکم ستمبر 2003 سے پیدا ہونیوالےکھلاڑی حصہ لینےکےاہل ہوں گے۔

ندیم خان ڈائریکٹرپی جے ایل نے کہا کہ غیرملکی بورڈز کا لیگ میں تعاون کرنے پرشکریہ اداکرتےہیں۔

چھ شہروں سے منسوب فرنچائز ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ یکم سے 15 اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر 19 میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان جونیئر لیگ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب ڈرافٹنگ کے ذریعے کیا جائے گا۔ ہر ڈریسنگ روم میں ایک شہرہ آفاق کرکٹر بحیثیت مینٹور یا کوچ موجود ہوگا۔

انڈر 19 کی سطح پر یہ اپنی نوعیت کی پہلی ٹی ٹونٹی لیگ ہوگی جہاں ملکی اور غیرملکی نوجوان کرکٹرز شرکت کریں گے۔

اس منصوبے کے تحت ہر غیرملکی کھلاڑی کو اپنے والدین میں سے کسی ایک کو اپنے ہمراہ لانے کی اجازت ہوگی۔ اس صورت میں اخراجات ٹورنامنٹ کے منتظمین یا اس کھلاڑی کی فرنچائز برداشت کرے گی۔

پاکستان جونیئر لیگ حال ہی میں لانچ کیے گئے پی سی بی پاتھ وے کرکٹ پروگرام کا حصہ ہے۔ پاتھ وے کرکٹ پروگرام کے تحت پی سی بی اور اس کے دو شراکت داروں، بی آر بی گروپ اور اینگرو کارپوریشن نے 100 باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو تعلیمی اسکالرشپ اور غیرملکی کوچز سے تربیت کے علاوہ 30 ہزار روپے ماہوار وظیفہ کا اعلان بھی کررکھا ہے۔

رمیز راجہ، چیئرمین پی سی بی:

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان جونیئر لیگ کے اپکسپریشن آف انٹریسٹ میں حوصلہ افزاء رسپانس ملنے پر انہیں بہت خوشی ہے۔ اس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور ان کے عزائم مزید پختہ ہوئے ہیں کہ پاکستان میں کرکٹ کی ایک بڑی اور مضبوط کمرشل مارکیٹ موجود ہے جہاں ہمارے پارٹنرز بخوشی سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کے کامیاب انعقاد اور پی سی بی کے تشخص میں بہتری آنے کے بعد ممکنہ اسپانسرز نے شہروں کی بنیاد پر منعقدہ پاکستان جونیئر لیگ میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی ہے۔

Post a Comment

0 Comments