دہلی ( ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت میں شیڈول آئی سی سی ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل شائقین کرکٹ ہوٹلوں کے بجائے ہسپتالوں کی بکنگ کروانے لگے۔
غیرملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان احمد آباد میں بلاک بسٹر مقابلہ دیکھنے کیلئے شائقین کرکٹ نے مہنگے ہوٹلز کے بجائے ہسپتالوں میں بکنگ کروانا شروع کردی ہے۔15 اکتوبر کو احمد آباد کا نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم پاک بھارت میچ کی میزبانی کرے گا، جس کے باعث ہوٹلوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں جبکہ فضائی سفر بھی مہنگا ہوگیا ہے، ایسے میں شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے اخراجات کی وجہ سے کوئی دوسرا متبادل نہیں۔دوسری جانب شائقین کرکٹ کا ہسپتالوں میں خیرمقدم کیا جارہا ہے، جہاں مریضوں کے علاج کو ترجیح دی جاتی ہے وہاں ہسپتال کم قیمتوں میں شائقین کیلئے بکنگ کرنے میں مصروف ہیں۔پاک بھارت میچ کے دوران ہوٹلز بکنگ کی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ ہوٹلز کے ڈیلکس کمرے کی قیمت 5 ہزار 699 روپے سے بڑھ کر 71 ہزار 999 بھارتی روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایس جی ہائی وے پر واقع رینیسنس احمد آباد ہوٹل نے میچ کے روز کمرے کی بکنگ 8 ہزار سے بڑھا کر 90 ہزار 679 بھارتی روپے تک کردی ہے۔
واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے شروع ہوگا، پاکستان ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو حیدر آباد میں نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گا۔شیڈول کے مطابق 12 اکتوبر کو پاکستان کا سامنا سری لنکا سے ہوگا جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔
0 Comments