دبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹر ویرات کوہلی چھ سال بعد ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ 10 بلے بازوں کی فہرست سے باہر ہوگئے ہیں۔
بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھلاڑیوں کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی ہے، جس میں انگلینڈ کے جوئے روٹ نے پہلی پوزیشن پر اپنا قبضہ مزید مضبوط کرلیا ہے۔ رینکنگ میں آسٹریلیا کے مارنوس لبوشین دوسرے، اسٹیو اسمتھ تیسرے اور پاکستانی کپتان بابر اعظم چوتھی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔
بھارت کے وکٹ کیپر بیٹر ریشبھ پنٹ کو انگلینڈ کے خلاف شاندار کاکردگی کا صلہ مل گیا ہے، وہ پانچ درجے ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، نیوزی لینڈ کے کین ویلیمسن ایک درجے تنزلی کے بعد چھٹی پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔
رینکنگ کے مطابق سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہنے کے باعث نومبر 2016 کے بعد پہلی بار ٹاپ 10 بیٹر کی رینکنگ سے باہر ہوگئے ہیں۔
آئی سی سی ٹیسٹ بالر رینکنگ میں آسٹریلوی بولر پیٹ کمنز پہلے نمبر پر بدستور براجمان ہیں، بھارتی کھلاڑی روی چندرن ایشون دوسرے اور جیسپریٹ بھمرا تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستانی اسٹار شاہین شاہ آفریدی کی چوتھی پوزیشن ہے، جبکہ پانچویں پوزیشن جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا کے پاس ہے۔
0 Comments