شاہین آفریدی کے دو ریکارڈ جو کوئی بولر حاصل نہ کرسکا
 

لاہور: قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے آج ہی کے دن گزشتہ ورلڈ کپ میں دو ریکارڈ اپنے نام کیے تھے۔

آج کے دن کی مناسبت سے ان کے اس عظیم اعزاز کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔

شاہین آفریدی نے 5 جولائی 2019 کو ورلڈکپ کے میچ میں بنگلادیش کے خلاف تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا، جس کے ساتھ ہی انہوں نے دو اعزاز اپنے نام کیے تھے۔

شاہین شاہ آفریدی ورلڈ کپ میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں لینے والے کم عمر ترین کھلاڑی بنے تھے، انہوں نے کینیا کے کولنس ابویا کا ریکارڈ توڑا تھا، کولنس ابویا نے 2003 کے ورلڈکپ میں 21 سال کی عمر میں سری لنکا کے خلاف 5 وکٹیں حاصل کر کے بنایا تھا۔

اس کے ساتھ ہی شاہین آفریدی آئی سی سی ورلڈ کپ میچ میں 6 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بولر بھی بنے تھے، جو کسی پاکستانی بولر کا ورلڈ کپ میں بہترین بولنگ فیگر ہے۔

ان سے قبل  پاکستان کی جانب سے ورلڈکپ میچ میں بہترین بالنگ کا اعزاز شاہد آفریدی کے پاس تھا، انہوں نے 2011 کے ورلڈ کپ میں کینیا کے خلاف 16 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔