پاکستانی شائقین کو تشدد کا نشانہ بنانے پر391 افغان باشندے گرفتار

 شارجہ: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی پولیس نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کرنے اور پاکستانی شائقین کو تشدد کا نشانہ بنانے پر مزید 97 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا جس کے بعد گرفتار افراد کی تعداد 391 ہوگئی۔

تشدد میں ملوث 117 افغان باشندوں کو یو اے ای کے مختلف حصوں سے بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گرفتار 391 افغان باشندوں کو بھاری جرمانہ اور ملک بدر کیا جانے کا امکان ہے جبکہ یو اے ای میں مستقل داخلے پر پابندی بھی لگ سکتی ہے۔

واضح رہے کہ 4 ستمبر کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد افغان شائقین نے اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کرنے کے علاوہ پاکستانی شائقین پر کرسیاں بھی اٹھا کر پھینکیں۔

میچ کے 19ویں اوور میں پاکستانی بلے باز آصف علی کے آؤٹ ہونے پر افغان بولر فرید احمد ان سے الجھ پڑے تھے جس کے بعد معاملات کشیدہ ہوئے۔

پاکستانی بلےباز نسیم شاہ نے آخری اوور کی ابتدائی دو گیندوں پر دو چھکے لگا کر افغانستان کے منہ سے فتح چھین لی تھی، قومی ٹیم نے یہ میچ جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔